سعودی عرب کے ایک سرکردہ شہزادے ترکی الفیصل نے کہا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات اور امن معاہدوں کے لیے قابل اعتبار اور شفاف ثالث نہیں ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل ‘سی این بی سی’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ ٹرمپ قضیہ فلسطین کے مخلصانہ حل کے لیے سچے اور قابل اعتبار نہیں۔ آج اگر ان کے والد شاہ فیصل بن عبدالعزیز زندہ ہوتے تو امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں پر مایوس ہوتے کیونکہ قضیہ فلسطین کے حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے کی اجازت دیجیے کہ ٹرمپ قابل اعتبار ثالث نہیں ہیں۔ ان کے والد مرحوم امریکیوں سے بہت مایوس تھے۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ ان کے والد نے امریکا پر تیل کی پابندیاں عاید کیں تاکہ امریکا کو عربوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدوں کا قابل اعتبار اور شفاف ثالث بنانے پرمجبور کیا جا سکے۔