اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے لبنان میں متعین مندوب ڈاکٹر احمد عبدالھادی کی قیادت میں ایک وفد نے کل بدھ کو بیروت میں تعینات ترکی کے سفیر ھاکان چاکیل سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر احمد عبدالھادی اور ترک سفیر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں قضیہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اقدامات اور قضیہ فلسطین کے مستقبل کو لاحق خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہ نمائوں نے فلسطینی قوم کی مدد اور قضیہ فلسطین کے دفاع کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا ہے کہ حماس کے مندوب اور ترک سفیر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ترکی کی میزبانی میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحتی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔