لبنان میں کرونا کی وبا میں تیزی کے بعد حکومت نے ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون پر غور شروع کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق لبنانی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی وبا میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون کی سفارش کی گئی ہے۔
قائم مقام لبنانی وزیر صحت ڈاکٹر حمد حسن نے انسداد کرونا کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم خزاں کی آمد کے ساتھ ہی ہم نے کرونا کے خطرات کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات اور تیاریاں کی ہیں۔ سردی کے موسم اور فلو کے خطرات کے پیش نظر دو ہفتے کے لیے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لبنان میں گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا کے ایک ہزار سے زاید کیسز سامنے آئے جب کہ مجموعی طورپر اب تک کرونا کے کیسز کی تعداد 29 ہزار 303 ہوگئی ہے اور 291 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔