مقبوضہ بیت المقدس کی سپریم اسلامی کمیٹی نے پرانے بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں پر زور دیا ہے کہ وہ یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی روک تھام اور ان کے مقابلے کے لیے قبلہ اول کے لیے رخت سفر باندھ لیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس کی سپریم اسلامی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی سرکاری سرپرستی اور فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کر رہی ہے۔ یہودی مذہبی تہواروں اور عیدوں کی آڑ میں مسلمانوں کے قبلہ اول کی حرمت کھلے عام پامال کی جا رہی ہے۔ ایسے میں بالعموم پورے فلسطین کے مسلمانوں بالخصوص بیت المقدس اور پرانے شہر کے قبلہ اول کے قریب رہنے والے فلسطینیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ حالات میں مسجد اقصیٰ کو تنہا نہ چھوڑیں۔
کمیٹی نے فلسطینیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا کے موقعے پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اگر یہودی قبلہ اول میں داخل ہوکرمذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مسلمانوں کے مقدس مقام کی بےحرمتی کرسکتی ہیں تو فلسطینیوں کو بھی قبلہ اول میں داخل ہونے اور وہاں پر اسلامی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کا حق حاصل ہے۔