فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادار’اونروا’ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی نے امدادی ادارےکو فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے 53 ملین یورو کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم جرمنی کےترقیاتی بنک کے ذریعے ‘اونروا’ کو ادا کی جائے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اونروا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کی طرف سے دی گئی گرانٹ اردن، لبنان، غرب اردن، مشرقی بیت المقدس اور غزہ میں پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت اور سماجی بہبود سمیت دیگر شعبوں میں استعمال کی جائےگی۔
اونروا میں جرمن مندوب کریسٹن کلاگز نے رام اللہ میں ایک بیان میں کہا کہ کرونا بحران اور اس کے نتائج واثرات کے پیش نظرجرمن حکومت نے اونروا کےلیے مالی امداد کے پیکج کی منظوری دی ہے۔
جرمنی کی طرف سے اونروا کو دی جانے والی امداد میں سے ایک کروڑ ڈالر کی امداد فلسطینی پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے صرف کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ اٹھانے پناہ گزینوں میں مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
پندرہ ملین یورو کی رقم سے غزہ اور اردن میں پناہ گزینوں کی معاشی ضروریات، طبی امداد، ہنگامی نوعیت کی امداد اور سماجی بہبود پر صرف کیا جائے گا۔