چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی حکام کا بیت المقدس میں ایک مسجد شہید کرنے کا حکم

بدھ 16-ستمبر-2020

قابض صہیونی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس  میں سلوان کالونی میں موجود  کئی سال پیشتر تعمیر کی گئی مسجد القعقاع کو شہید کرنے اور جگہ خالی کرکے یہودیوں کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس میں دفاع اراضی کمیٹی کے رکن خالد ابو تایہ نے بتایا کہ قابض صہیونی حکام نے مسجد کی انتظامیہ کو ایک تحریری نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دو منزلہ مسجد قعقاع اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی تھی۔ نوٹس ملنے کے فوری بعد مسجد کی مسماری کی کارروائی شروع کی جائے۔

ابو تایہ نے بتایا کہ مسجد القعقاع عین اللوزہ کے مقام پر واقع ہے۔ دو منزلہ یہ مسجد 110 مربع میٹر پر تعمیر کی  گئی ہے۔ اس کی دوسری اور بالائی منزل 8 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ عین اللوزہ میں یہ واحد مسجد ہے جس میں کم سے کم سات ہزار فلسطینی نماز ادا کرتے ہیں۔ یہ مسجد مخیر حضرات کے تعاون سے تعمیر کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسجد کی شہادت کے حکم کے پیچھے صہیونی ریاست کی مقامی فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کی سازش کار فرما ہے۔ اس طرح کے مکروہ ہتھکنڈوں کے ذریعے صہیونی ریاست مقامی فلسطینی باشندوں کو شہر چھوڑںے پر مجبور کر رہے ہیں۔

ادھر اسرائیلی بلدیہ نے القدس میں سلوان کے مقام پر واقع تحریک فتح کے مقامی سیکرٹری جنرل محمدالعباسی کو مکان مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی