چهارشنبه 30/آوریل/2025

مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں‌ کریں گے: قطر

بدھ 16-ستمبر-2020

خلیجی ریاست قطر نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کےقیام کی مخالفت کی ہے۔ دوحا کا کہنا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل تک اسرائیل کوتسلیم کرے گا اور نہ ہی صہیونی ریاست سے تعلقات قائم کیے جائیں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری وزیر خارجہ کی معاون لولو الخاطر نے امریکی نیوز ایجنسی بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا اس وقت تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا جب تک فلسطین کے مسئلے کا کوئی منصفانہ حل نہیں نکل آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی قوم کو ان کے حقوق کی فراہمی کے ذریعے ممکن ہے۔

انہوں‌نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فلسطینی قوم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ پوری فلسطینی قوم ایک قابض ریاست اسرائیل کے تسلط میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کے ساتھ اختلافات کا جوہرتنازع فلسطین ہے اور اس کے حل کے بغیر تل ابیب سے تعلقات استوار نہیں ‌ہوسکتے۔

خیال رہے کہ قطرکے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور ان کے داماد جیڑد کشنر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں‌ نے امریکی حکومت کے مشیر پرواضح کیا تھا کہ وہ تنازع فلسطین کے حل تک اسرائیل سے تعلقات استوار نہیں کریں‌گے۔

 

مختصر لنک:

کاپی