شنبه 03/می/2025

دھماکوں سے متاثرہ بیروت بندرگاہ پرلگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

جمعہ 11-ستمبر-2020

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر جمعرات کو آگ لگ گئی ہے جس کے بعد سیاہ دھویں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہورہے ہیں۔بندرگاہ پر امونیم نائٹریٹ کے گودام میں تباہ کن دھماکے کے ایک ماہ اور چھے روز کے بعد یہ آگ لگی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز بھڑکنے والی آگ پرقابو پالیا گیا ہے۔
لبنان کے ایک عسکری ذریعے کے مطابق ٹائروں اور تیل کے ایک گودام میں آگ لگی ہے۔تاہم بندرگاہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آگ کے سبب کے بارے میں فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
لبنان کی انجمن ہلال احمر نے آتش زدگی کے اس واقعے میں لوگوں کے زخمی ہونے سے متعلق اطلاعات کی تردید کی ہے۔ البتہ اس کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
بیروت کے مکینوں نے سوشل میڈیا پر بندرگاہ پر لگی آگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔آگ بجھانے والا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ چکا ہے اور وہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی آگ پر قابو پانے کی امدادی سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے بھیجا جارہا ہے۔مقامی ٹیلی ویژن نے ایک ہیلی کاپٹر کے بندرگاہ کی فضا میں پرواز کرتے ہوئے فوٹیج نشر کی ہے۔
واضح رہے کہ بیروت میں چار اگست کو تباہ کن دھماکے سے بندرگاہ کو شدید نقصان پہنچا تھا اور وہ استعمال کے قابل نہیں رہی ہے۔اس دھماکے کے نتیجے میں 190 افراد ہلاک اور چھے ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔بیروت کے گورنرمروان عبود کے مطابق اس واقعے میں ہزاروں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں اور کم سے کم تین لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہے۔

مختصر لنک:

کاپی