سوڈان کی وزارت داخلہ کی طرف سےجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے ملک کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ سیلاب کے نتیجے میںاب تک 103 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہیں۔ اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق 69 ہزار 551 مکانات یا جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں سیلاب کے نئے ریلوں کی آمد کی اطلاعات ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوگئی ہے اور 359 کاروباری مراکز اور بازاروں کو نقصان پہنچا ہے۔
ہفتے کے روز سوڈان کی دفاع کونسل نے ملک بھر میں تین ماہ کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
عبوری وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے ملک میں آنے والے سیلاب کوایک قدرتی آفت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اس سے نمٹنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔