جمعه 15/نوامبر/2024

اقوام متحدہ کی یمن سمیت چار ممالک میں قحط کے خطرے کی وارننگ

پیر 7-ستمبر-2020

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے خبردار کیا ہے کہ چار شورش زدہ ممالک کانگو ، یمن ، شمال مشرقی نائیجیریا اور جنوبی سوڈان میں قحط اور بڑے پیمانے پر خوراک کے عدم تحفظ کے خطرے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو ایک نوٹ لکھا ہے اوراس میں کہا ہے کہ یہ چاروں ممالک دنیا میں خوراک کے سب سے بڑے بحرانوں سے دوچار ہیں لیکن ان بحرانوں سے نمٹنے کے لیے بہت کم رقوم مہیا کی جارہی ہیں۔
انھوں نے خوراک کے بحرانوں کے بارے میں 2020 کی عالمی رپورٹ کا حوالہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ’’ عوامی جمہوریہ کانگو ، یمن ،نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاستوں اور جنوبی سوڈان میں برسوں سے جاری مسلح تنازعات کے نتیجے میں لوگوں کو خوراک کے عدم تحفظ اور ممکنہ طور پر قحط کے خطرے کا سامنا ہے۔‘‘
سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ مسلح تنازعات کا شکار دوسرے ممالک صومالیہ ، بورکینا فاسو اور افغانستان میں بھی خوراک کے تحفظ سے متعلق بنیادی اشاریے حوصلہ افزا نہیں اور وہ روبہ انحطاط ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان میں ’ہر ملک میں صورت حال مختلف ہے لیکن عام شہری قتل ہورہے ہیں، زخمی ہورہے ہیں یا انھیں بے گھر کیا جارہا ہے،ان کے زندگی کے ساماں کو تباہ کیا جارہا ہے اور خوراک کی دستیابی اور اس تک رسائی میں رخنہ ڈالا جارہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ زندگی بچانے والی امداد کی بہم رسانی میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں یا انسانی امدادی سرگرمیوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی