مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب ، سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ کرونا وبا کی آڑ میں اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے سیل کرنے کی کوشش کرنا ناقابل قبول، القدس کے فلسطینی مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنا اور یہودی آباد کاروںکو قبلہ اول پر دھاووں میں مدد فراہم کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
عکرمہ صبری نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو کرونا کی آڑمیںبند کرنا بحران کو دانستہ طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اور یہودی آبادکاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کی بندش سے کرونا کی وبا پرقابو نہیں پایا جاسکتا۔ صہیونی حکومت کرونا کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کے بجائے مسجد کو سیل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کررہی ہے۔ الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ مسجد میں نماز کے لیے آنے کا سلسلہ جاری رکھیں اور کرونا کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ نماز کے لیے وضو گھر سے کرکے آئیں۔ چہرے کو ماسک سے ڈھانپیں اور اپنے لیےمصلیٰ ساتھ لائیں۔