یکشنبه 04/می/2025

‘اسرائیل سے معاہدے خطے میں صہیونی بالادستی کے قیام کو ممکن بنائیں گے’

اتوار 6-ستمبر-2020

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ معاہدے خطے میں صہیونی بالادستی کے قیام کو مزید مستحکم کرنے کا سبب بنے گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیروت میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عزام الایوبی سے ملاقات میں انہوں‌نے کہا کہ ہماری عرب بھائیوں سے ہمدردانہ اپیل ہے کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اپنے پنجے گاڑنے میں اس کی مدد نہ کریں۔ اسرائیل کو خطے میں کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت دینا صہیونی اجارہ داری کو مزید بڑھانے میں مدد فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ اس معاہدے کے کسی بھی پہلو پرعمل درآمد نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی اراضی کا اسرائیل سے الحاق کا منصوبہ صہیونی دشمن کے باطل اور من گھڑت مذہبی دعوئوں پر قائم ہے۔ صہیونی ریاست کے دعوے دینی، تاریخی، جغرافیائی اورانسانی حقائق نہیں بدل سکتے۔ اسرائیل فلسطین پرقبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں اور مسیحی برادری کی مقدس عبادت گاہوں پرقبضہ کرنا چاہتا ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتیں صہیونی دشمن کے مظالم کے سامنے پوری استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ القدس کے بغیر فلسطین کی آزادی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں‌نے مزید کہا کہ حماس نے عرب ممالک پر واضح کردیا ہےکہ لاکھوں فلسطینی مہاجرین کی وطن واپسی ان کا حق ہے اور فلسطینیوں کو دوسرے ملکوں میں مستقل آباد کرنے کا کوئی پروگرام قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اردن، لبنان، مصر اوردوسرے ملکوں میں مقیم فلسطینی مہاجرین کی حیثیت سے رہیں گے اور اپنے وطن میں واپسی کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی