اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کے اعلان کے بعد اسرائیل کو اپنی توسیع پسندانہ عزائم کوآگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میںکہا کہ سعودی عرب اور بحرین کی طرف سے اپنی فضائی حدود کو اسرائیل کے لیے پروازوں کی خاطر استعمال کرنے کی اجازت دینا شرمناک ہے۔ عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی شعبے میں تعاون فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کے اعلان کرنے والے ممالک فلسطینی قوم کے حقوق دبانے میں صہیونی دشمن کی مدد کررہے ہیں۔ عرب ممالک کے تعاون سے اسرائیل اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل اور دیگر جرائم کو آگے بڑھانے میں مزید بے باک ہوجائے گا۔
حازم قاسم نے کہا کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ امارات کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے سے روکیں کیونکہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی شعبے میں دوستی اور تعاون صہیونی دشمن کو جنگی جرائم کے ارتکاب کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
خیال رہےکہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کوتسلیم کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان پر عالم اسلام کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے تاہم امارات اپنی ہٹ دھرمی اور صہیونیت نوازی پرقائم ہے۔