فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کےدوران متعدد فلسطینیوںکوحراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کےدوران قابض فوج نے گھروں میں گھس کرتوڑ پھوڑ اور لوٹمار کی۔
بیت المقدس میں العیسویہ کے مقام پر قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران فوٹو گرافر محمد قاروط ادکیدک کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران گھر میں موجود اس کا موبائل فون، کیمرے اور دیگر اشیا قبضے میں لے لیں۔
اسی علاقے میں قابض فوج نے تلاشی کے دوران منتصر سبتہ نامی ایک شہری کو گرفتار کرلیا۔
بدو کے مقام پر قابض فوج نے ناکے لگا کر متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر قابض فوج نے ابو حسین کے مقام پر تلاشی کے دوران متعدد شہریوں کو گھروں میں گھس کرگرفتار کیا۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عصیرہ کے مقام پر تلاشی کےدوران متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
طوباس میں تلاشی کےدوران ایک فلسطینی شہری عبداللہ عطیانی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری سے قبل قابض فوج نے اس کے پائوں میںگولی مار کر اسے شدید زخمی کردیا تھا۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں تلاشی کےدوران عماد الطویل نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا۔ طولکرم میں تلاشی کےدوران تین فلسطینیوں کو جوآپس میں قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں کو حراست میں لے لیا۔
مشرقی طولکرم میں بلعا کے مقام پر تلاشی کے دوران 26 سالہ اسید عثمان راجح سلیمان، 38 سالہ رامی اسعد شلبایہ اور 28 سالہ محمود شحادہ یوسف عبدالغنی خلیل کو گرفتار کرلیا۔