خلیجی ریاست کویت کی حکومت کے ایک ذمہ دار ذریعے کا کہنا ہے کہ کویت نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہوائی جہازوں کی آمد ورفت کے لیے کویت کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
کویتی اخبار’القبس’ نے حکومتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل کا کوئی ہوائی جہاز کویت کی فضا سے گذر کر امارات نہیں گیا اور نہ ہی امارات سے اسرائیل کے لیے کوئی پرواز کویت کی فضا سے گذری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہوائی جہازوں کی آمد ورفت میں کویت کی فضائی حدود کو استعمال نہیں کیا گیا۔ دونوںملکوں کےدرمیان پروازوں نے کویت کی فضائی حدود سے دور دوسرے ملکوں کی فضائی حدود کو استعمال کیا ہے۔
خیال رہے کہ سوموار کے روز اسرائیل سے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد پہلی کمرشل پرواز کے ذریعے تل ابیب سے متحدہ عرب امارات پہنچا۔ اس طیارے نے سعودی عرب کی فضائی حدود کو استعمال کیا ہے۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کویت بھی اسرائیلی ہوائی جہاز کو اپنی فضا استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم سرکاری سطح پر باضابطہ طورپر ان خبرں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ البتہ ایک حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ اسرائیل اور امارات کےدرمیان فضائی سروس کے لیے کویت کی فضائی حدود کو استعمال نہیںکیا گیا۔