فلسطینی وزارت داخلہ نے غزہ کی پٹی میں کرونا وبا کی روک تھام کے لیے کرفیو کی مدت میں 48 گھنٹے کی توسیع کردی ہے۔ دوسری طرف وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں کرونا کے مزید 36 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
غزہ میں وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ غزہ کے تمام اضلاع میں مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے جب کہ کرونا سے متاثرہ مقامات پر لگائے گئے کرفیو کی مدت میں 48 گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں تمام پناہ گزین کیمپوں، قصبوں اور شمالی ، جنوبی اور وسطی غزہ شہروں میں یکساں کرفیو لگایا گیا ہے۔
ادھر غزہ میں وزارت صحت کے مطابق غزہ میںکرونا کے مزید 36 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران غزہ میں 1004 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے36 کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ رواں سال مارچ کے بعد اب تک غزہ میں کرونا کے کل 257 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس وقت 182 ایکٹو کیسز ہیں جب کہ 72 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ تین مریضوں کی اموات ہوئی ہیں۔
غزہ میں بیرون ملک سے آئے 2368 افراد کو قرنطینہ مراکز منتقل کیا گیا ہے۔
