فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں قابض صہیونی فوج نے الزاویہ کے مقام پر فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں چلائیں اوراشک آور گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی ہلال احمر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ باب الزاویہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوانوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری کی گردن میں گولی لگی جس کے نتیجے میں اس کی حالت خطرے میں ہے جب کہ دوسرے کی ٹانگ پر گولی مار گئی ہے۔
قابض فوج نے فلسطینیوں پر سنگ باری کا الزام عاید کیا ہے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں قابض صہیونی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ فلسطینیوں کی سنگ باری کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ اسے القدس میں قائم عین کارم اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔