قابض اسرائیلی فوج نےدعویٰ کیاہےکہ 10 روز پیشتر صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے چاقو سے یہودی آباد کاروں پرحملہ کرکے ایک آباد کار کو شدید زخمی کردیا تھا۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
صہیونی فوج کے مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ نے 10 روز قبل دارالحکومت میں ہونے والے مزاحمتی حملے کی تفصیلات جاری کرنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد بتایا گیا ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان نے تل ابیب میں راس العین کے مقام پر 15 اگست کو ایک یہودی آباد کار کو چاقو سے وار کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔
عبرانی ذرائع کے مطابق خفیہ ادارے ‘شاباک’ نے فوج کےتعاون سے حملہ آور کو راس العین کے مقام سے اسی روز حراست میں لے لیا تھا۔
اس کے علاوہ قابض فوج نے حملہ آور فلسطینی مزاحمت کار کے تین ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ان پر اس کارروائی کی منصوبہ بندی میں معاونت کرنے، کارروائی کو چھپانے اور حملہ آور کو مدد فراہم کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔