ترکی نے بحیرہ اسود سے قدرتی گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ تُرک صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول میں خطاب کے دوران کہا کہ ترکی نے بحیرہ اسود میں 320 ارب کیوبک میٹر گیس کے ذخائر دریافت کئے ہیں جوکہ ترک تاریخ کے سب سے بڑے قدرتی گیس کے ذخائر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جدید ترکی کی 100ویں سالگرہ پر 2023تک ان ذخائر سے صارفین کوگیس ملنا شروع ہو جائے گی۔
صدرایردوان نے کہا اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے بے مثال دولت کا دروازہ کھول دیا ہے ،انہوں نے مزیدکہا مشرقی بحیرہ روم میں توانائی کی تلاش کیلئے سرگرمیاں رواں سال کے آخر تک مزید تیز کر دی جائیں گی۔دریں اثنا ترک صدر طیب اردوان نے آیا صوفیہ کے بعد استنبول کے تاریخی حیثیت کے حامل ہزار سال پرانے کاریہ چرچ میوزیم کو دوبارہ مسجد بنانے کا اعلان کردیا۔کاریہ چرچ کو 16 ویں صدی میں خرید کر مسجد میں تبدیل کیا گیا تھا لیکن 1948 میں تاریخی حیثیت کی حامل اس عمارت کو میوزیم بنادیا گیا تاہم اب دوبارہ اس میوزیم کو مسجد میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے آیا صوفیہ کے ساتھ اس تاریخی عمارت کوبھی بطور مسجد بحالی کا حکم نومبر 2019میں دیا تھا۔ایوان صدر سے جاری ہونے والے حکم نامے میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کہ بازنطینی دور کے چرچ میں پہلی نماز کب ادا کی جائیگی تاہم یہ فیصلہ بعد میں کیاجائے گا ۔خیال رہے طیب اردوان نے کہاتھا کہ آیا صوفیہ کے بعد ہماری اگلی منزل مسجد اقصیٰ ہے ۔