اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی انتظامیہ کے زیرانتظام چلنے والے اسپتال پر چھاپہ مارا اور اسپتال میں گھس کر مریضوں، عملے اور دیگر افراد کو زدو کوب کیا۔ قابض فوج نے المقاصد اسپتال کے شعبہ حادثات میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے مسلح اہلکاروں نے مشرقی بیت المقدس میں قئم المقاصد اسپتال میں گھس کر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے اسپتال میں گھسنے کے بعد شعبہ حادثات اور ایمرجنسی وارڈ میں آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں عملے کے افراد اور مریض دم گھٹنےسے بے ہوش ہوگئے۔
القدس کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے اسپتال میں گھس کر ایمرجنسی وارڈ پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی مریض دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ کی وجہ سے عملے کومریضوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
قابض فوج نے اسپتال میں گھس کرمریضوں کی شناخت پریڈ کی اور کئی مریضوں سے تفتیش کی گئی۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے المقاصد اسپتال پر اسرائیلی فوج کے دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔