جمعه 15/نوامبر/2024

ایران نے اپنے دو ماہی گیروں کی ہلاکت کے بعد اماراتی بحری جہاز پکڑ لیا

ہفتہ 22-اگست-2020

ایران نے اپنے دومچھیروں کی ہلاکت اور جہاز قبضے میں لئے جانے کے بعد جواب میں متحدہ عرب امارات کا ایک بحری جہاز عملے سمیت پکڑلیا، تہران میں وزارت خارجہ کے مطابق اماراتی جہاز کو بحری حدود میں داخل ہونے پر حراست میں لے لیا گیا، وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا۔ قبل ازیں پیر کو ہی اماراتی کوسٹ گارڈز نے اپنی حدود میں آنیوالے ایرانی جہاز کو پکڑ لیا تھا اور فائرنگ کر کے دوایرانی ماہی گیروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

امارات نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاوان ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایران نے اماراتی کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے دو ایرانی مچھیروں کی ہلاکت پر یو اے ای کے سفیر کو گزشتہ روز طلب کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ان کے کوسٹ گارڈز کے ہاتھوں دو ایرانی مچھیروں کی ہلاکت، متعدد مچھیروں کی گرفتاری اور ایک مچھلیاں پکڑنے والا جہاز قبضے میں لینے پر سخت احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے امارات کے سفیر سے مطالبہ کیا کہ گرفتار ایرانی مچھیرے اور ان کا جہاز فوری چھوڑے جائیں، مرنیوالے ایرانی مچھیروں کی لاشیں ایران کے حوالے کی جائیں، دوسری جانب ایران نے یوم دفاع کے موقع پر زمین سے زمین تک مار کرنے والے 2 میزائل متعارف کروادیئے ، قاسم سلیمانی نامی نئے بیلسٹک میزائل کی رینج 1400کلو میٹر جبکہ ابو مہدی کروز میزائل کی رینج ہزار کلو میٹر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ مقامی سطح پر تیار کئے جانیوالے میزائلوں کی تفصیلات ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے بتائیں، ایرانی صدر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے دو سال سے کم وقت میں ایک ہزار کلومیٹر سے زائد رینج کے میزائل تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے ۔

مختصر لنک:

کاپی