ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے کمانڈر میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے متحدہ عرب امارات کی طرف ایرانی عوام کا نقطہ نظر یکسر بدل جائے گا۔ آج سے ایرانی مسلح افواج کا امارات کے بارے میں ایک اور نظریہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ دوستی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے ذریع جاری کردہ بیان میں میجر جنرل باقری نے متحدہ عرب امارات سے مطالبہ کیا کہ وہ فورا اسرائیلی دشمن کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
انہوں نے کہا میں ابوظبی کو مشورہ دیتا ہوں کہ اس منصو بے پر عمل نہ کریں جس سے خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچے ، جو ناقابل قبول ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین "شرمناک ڈیل”پر تبصرہ کرتے ہوئےایرانی آرمی چیف نے نشاندہی کی کہ ان دنوں ہم ایک بہت بڑی تباہی کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات نے صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے ہیں جو بچوں کا وحشی قاتل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج جب دنیا کے تمام آزاد انسان صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات اور دوستی سے نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔ایران کا ایک پڑوسی پوری ڈھٹائی کے ساتھ بچوں کا قتل کرنے والی اس نام نہاد ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کا اعلان کرنے آتا ہے۔ یہ بڑے افسوس کا مقام ہےصیہونی وجود اسلامی دنیا میں کسی بھی ناانصافی اور ظلم سے دریغ نہیں کرتا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے امریکا کی زیرنگرانی امن معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ امارات کے اس اقدام پر عالم اسلام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔