جمعه 15/نوامبر/2024

امارات کی اسرائیل کے ساتھ دوستی بہت بڑی خیانت ہے:علما

اتوار 16-اگست-2020

بین الاقوامی علما کونسل نے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے اعلان کو ‘بہت بڑی خیانت’ قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی علما اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی ولی عہد محمد بن زاید آل نھیان کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ دوستی کا اعلان بہت بڑی خیانت، صہیونیوں کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی مذموم کوشش، القدس اور فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی توہین ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات نے اسرائیل کے ساتھ دوستی کا اعلان کرکے ارض فلسطین پر ناجائز صہیونی ریاست کو سند جواز دینے کی مجرمانہ کوشش کی ہے۔ اس پر امارات کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

عالمی علما نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ امارات کے فیصلے کے رد عمل میں متفقہ لائحہ عمل تیار کریں اور اس لائحہ عمل میں فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے تزویراتی حکمت عملی اپنائی جائے۔

خیال رہے کہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ دوستی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں‌ ملکوں کے درمیان براہ راست باقاعدہ سفارتی تعلقات کےقیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی