گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بم باری کی جس کے نتیجے میں ایک اسکول تباہ ہوگیا۔ دوسری طرف فلسطینی وزارت تعلیم نے صہیونی فوج کی طرف سے غزہ میں اسکول پر بم باری کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں وزارت تعلیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں اقوام متحدہ کے ادارے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ کےزیراہتمام ایک اسکول پر بم باری کی جس کےنتیجے میں اسکول تباہ ہوگیا۔
بیان میں غزہ میں اسکول کو بمباری کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کی ننگی جارحیت کا عکاس قرار دیا ہے۔
وزارت تعلیم نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسکولوں پر صہیونی ریاست کی وحشیانہ بمباری کا نوٹس لیں اور فلسطینی اسکولوں اور دیگر اداروں کو بمباری کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرایا جائے۔