چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی قوم سے خیانت پر تاریخ امارات کو کبھی معاف نہیں کرے گی: ترکی

ہفتہ 15-اگست-2020

ترکی نے متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام کے اعلان پر کڑی تنقید کی ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا اسرائیل سے دوستی معاہدہ فلسطینی قوم کے ساتھ خیانت ہے اور اس خیانت پر تاریخ  امارات کو معاف نہیں کرے گی۔

جمعہ کے روز ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور امارات کے اسرائیل کےحوالے سے فلسطینی قیادت کی طرف سے اختیار کردہ جرات مندانہ موقف کی تائید کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات کا یک طرفہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنا اور سنہ 2002ء میں سعودی عرب کی طرف سے پیش کردہ امن فارمولے سے باہر نکلنا باعث تشویش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنے خفیہ مقاصد کے حصول اور امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی نفی پرمبنی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ جمعرات کے روز امریکا کی ثالثی کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کےقیام کا اعلان کیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی