فلسطین کے مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ اٹلی نے ایجنسی کے پروگراموں کی مدد کے لیے 6.8 ملین یورو (7.91ملین ڈالر) کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان میں کہا کہ اطالوی حکومت نے ایجنسی کے اہم پروگراموں اور سروسزکی کے لیے 6.8 ملین یورو کا عطیہ کیا ہے جس میں تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال ،معاشی بہبود اور سماجی خدمات شامل ہیں۔ بیان میں مقبوضہ بیت المقدس میں اطالوی قونصل جنرل جیوسیپ فیڈیلی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ عطیہ فلسطینی مہاجرین کو تمام شعبوں میں بنیادی خدمات فراہم کرنے کے لئے یو این آر ڈبلیو اے کی مدد کے پختہ اطالوی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
فیڈیلی نے مزید کہا کہ "یو این آر ڈبلیو اے” خطے میں استحکام کا ایک حامل عنصر ہے ، جو پرانے اور جدید بحرانوں کا شکار ہے ۔ جیسا کہ بیروت بندرگاہ پر حالیہ تباہ کن دھماکے کے دوران ظاہر ہوا ہے۔
‘یو این آر ڈبلیو اے’ میں ڈونر ریلیشنز کے سربراہ ، مارک لاسوؤئی نے اٹلی کی مالی امداد کو فراخدلانہ عطیہ قرار دیا۔ انہوںنے بروقت امداد کی فراہمی کے اعلان پر اطالوی حکومت کا خَصوصی شکریہ ادا کیا۔ یو این آر ڈبلیو اے نے اطالوی حکومت کو ایجنسی کا ایک مضبوط حامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ 2019 میں اٹلی نے ایجنسی کے لیے 13 ملین یورو سے زیادہ کی مالی امداد فراہم کی ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ تقریبا 56 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کرتی ہے۔ اس ایجنسی کے زیراہتمام فلسطین کے اندر اور بیرون ملک لبنان، شام اور اردن میں کئی پناہ گزین کیمپ قائم ہیں۔