روس نے کووِڈ-19 کے علاج کے لیے تیار کردہ ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ روسی صدر ولادی میر پوتین نے منگل کے روز خود اس ویکسین کی منظوری کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ روس یہ مہم سر کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ویکسین کی تیاری روس کی سائنسی مہارت کا بھی ثبوت ہے۔
روس کی تیار کردہ اس ویکسین کی دوماہ قبل انسانوں پر آزمائش کی گئی تھی۔اب روسی آبادی کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ ویکسین لگانے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔تاہم اس کے تحفظ اور کووِڈ-19 کے علاج میں مؤثرہونے کی جانچ کے لیے مختلف مراحل میں ابھی کلینکی آزمائش جاری ہے۔
صدر پوتین نے ریاستی ٹیلی ویژن پر ایک سرکاری اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی ویکسین ماسکو گمالیا انسٹی ٹیوٹ نے تیار کی ہے۔یہ محفوظ ہے اور اس کو ان کی ایک بیٹی پر بھی آزمایا گیا ہے۔‘‘
انھوں نے کہا:’’ میں جانتا ہوں ۔ یہ بالکل مؤثر انداز میں کام کرتی ہے،یہ مضبوط قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔میں یہ بات دُہرانا چاہتا ہوں کہ اس نے تمام ضروری چیک پاس کیے ہیں۔‘‘
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ روس بہت جلد اس ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کردے گا۔