عرب پارلیمانی اتحاد نے تاریخی مسجد ابراہیمی کے بعض حصوں پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ قبضے کی شدی مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عرب پارلیمانی اتحاد کے سربراہ عاطف الطراونہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قبلہ اول کے ساتھ ساتھ مسجد ابراہیمی کے بعض حصوں پر قبضے کی سازشیں کررہی ہے۔ اسرائیلی ریاست مسجد ابراہیمی اور تاریخی شہر الخلیل کا تاریخی اور دینی تشخص پامال کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گذرنے والے دن اسرائیل کی فلسطینی مقدسات کے حوالے سے اشتعال انگیزی اور ہٹ دھرمی کی کارروائیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسرائیلی ریاست کےمکروہ حربے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ، عالمی پارلیمان، علاقائی اور اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی مقدسات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینی مقدسات کو نقصان پہنچا کر فلسطین کے مسلمانوں اور عیسائی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا رہا ہے۔