اسرائیل کی فوجی عدالت نے ایک فلسطینی شہری کو 30 ماہ قید اور 10 ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنوب مغربی جنین کے بیر پاشا گائوں سے تعلق رکھنے والے اسیر ولید توفیق غوادرہ پر اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور دیگر سرگرمیوں میںحصہ لینے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
فلسطینی اسیران میڈیا سینٹر کی رپورٹ کے مطابق غوادرہ کو اسرائیلی فوج نے 29 اپریل 2019ء کو حراست میں لیا تھا۔ غوادرہ کی یہ پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ پہلے بھی 12 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
غوادرہ کو اسرائیلی فوج نے سنہ 2006ءمیں حراست میں لیا اور اپریل 2018ء کو رہا کیا۔ اس کے صرف ایک سال بعد غوادرہ کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔
غوادرہ کے ایک بھائی محمد سنہ 2004ء سے پابند سلاسل ہیں اور انہیں عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل 4700 فلسطینیوں میں سے 41 خواتین، 160 بچے اور 400 انتظامی قیدی، 700 مریض جن میں 300 کی حالت خطرناک ہے شامل ہیں۔