مکہ مکرمہ میں حجاج کرام نے دوسرے مناسک کی تکمیل کے بعد بیت اللہ کا طواف الوداع مکمل کرلیا ہے۔اس کے بعد وہ سعودی عرب میں اپنے اپنے آبائی علاقوں یا اقامت گاہوں کی جانب روانہ ہوجائیں گے۔
حجاج کرام کو قبل ازیں منیٰ سے خصوصی گاڑیوں کے ذریعے جمرات لایا گیا تھا جہاں انھوں نے سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے تیسری مرتبہ شیطان کو کنکریاں ماریں اور دعائیں کی تھیں۔
پھر انھیں مسجد الحرام لایا گیا ہے جہاں وہ گروپوں کی شکل میں اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طے شدہ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے الوداعی طواف کررہے ہیں۔کعبۃ اللہ کے’’طواف زیارہ‘‘کے بعد ان کے مناسکِ حج کی تکمیل ہوجائے گی۔
طواف زیارہ کے بعد بعض حجاج کو ان کی مخصوص جائے اقامت ہوٹل میں منتقل کردیا جائے گا جہاں وہ تنہائی میں رہیں گے جبکہ دوسرے حجاج کرام سعودی عرب میں اپنے شہروں اور علاقوں کی جانب لوٹ جائیں گے اور وہ اپنے اپنے گھروں یا اقامت گاہوں میں 14 روز تک قرنطین میں رہیں گے۔