حال ہی میں عالمی سرچ انجن ‘گوگل’ اور ٹیکنالوجی کمپنی ‘ایپل’ نے فلسطین کا نقشہ ہٹانے کے بعد اس کی جگہ صرف اسرائیل کا نقشہ ظاہر کرکے کروڑوں مسلمانوں او پوری فلسطینی قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی اس مجرمانہ اشتعال انگیزی کے جواب میںترکی کے ایک آرٹسٹ نے فلسطین کا رنگ بہ رنگے پھولوں سے مزین نقشہ تیار کرکے ان کمپنیوں کی صہیونیت نوازی کا جواب دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک آرٹسٹ ‘ادیگہ باتور’ کا پھولوں سے مزین فلسطینی نقشہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی تیزی کے ساتھ مقبول ہوگیا اور سوشل میڈیا پر اس کی دھوم مچل گئی۔
ادیگہ باتور کے تیار کردہ فلسطین کے نقشے پر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر مثبت رد عمل سامنے آیا اور اسے بڑے پیمانے پر پسند کیا گیا سراہا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر گوگل اور ایپل کی جانب سے فلسطین کا نقشہ مٹانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور دونوں امریکی کمپنیوں کے اقدام کو اسرائیل کی کھلی طرف داری قرار دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے ادیگہ باتور نے کہا کہ جب مجھے یہ پتا چلا کہ گوگل اور ایپل نے اپنے سسٹم سے فلسطین کا نقشہ مٹا دیا ہے تو مجھے بے حد صدمہ پہنچا۔ میں نے امریکی کمپنیوں کے اس مجرمانہ اقدام کا جواب دینے کی ٹھان لی۔ انہوںنے کہا کہ میرے ذہن میں فلسطین کے نقشے کے حوالے سے متعدد تصورات تھے مگر میں نے پھولوں سے سجا نقشہ تیار کرنے کو زیادہ بہتر خیال کیا۔ انہوںنے کہا کہ فلسطین کا پھولوں سے مزین نقشہ سوشل میڈیا پر کروڑوں لوگوں اور فلسطینیوںکے چاہنے والوں کی آواز بن گیا۔ فیس بک پر باتور کے تیار کردہ نقشے کو 20 لاکھ اگراد نے پسند کیا جب کہ 13 ہزار سے زیادہ افراد نے شیئر کیا ہے۔