افریقی عرب ملک تونس کے وکلا یونین نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل اور ایپل کی جانب سے اپنے سسٹم سے فلسطین کا نقشہ حذف کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیوں کا دہرا معیار قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تونسی وکلا یونین نے کہا ہے کہ گوگل اور ایپل کی جانب سے فلسطین کا نقشہ مٹانا فلسطینی قوم کے مسلمہ حقوق کی صریح نفی کے مترادف ہے۔ عالمی استعماری طاقتیں اور ان کی وفادار کمپنیاں ارض فلسطین پر ریاست فلسطین کے نقشے کو برداشت کرنا گوارا نہیں کرتیں۔
بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ گوگل اور اپیل کمپنیوں کی طرف سے فلسطینی قوم کے مسلمہ اور آئینی حقوق کی نفی کے اس مایوس کن اقدام کی مذمت کریں اور فلسطینی قوم کے لیے ایک جمہوری اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے آواز بلند کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تونس کی وکلا برادری، تونسی قوم اور تمام نمائندہ طبقات مظلوم فلسطینی قوم کے ساھ ہیں اور ان کی مکمل آزاد اور خود مختاری کی جدو جہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں گوگل اور ایپل نے اپنے عالمی نقشے سے فلسطین کا نقشہ مٹا کر اس کی جگہ صرف اسرائیل کا نقشہ ظاہر کیا ہے جس پر نہ صرف فلسطین بلکہ پوری دنیا میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔