فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت کی طرف سے اعلان کردہ لاک ڈئون پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم محمد اشتیہ کی طرف سے اعلان کردہ لاک ڈائون پر کل اتوار سے مزید سختی کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے گا۔
رواں مکمل ہفتہ غرب اردن میں لاک ڈائون جاری رہے گا۔ اس دوران صرف بیکریوں، میڈیکل اسٹور اور ہنگامی شعبے میں کام کرنے والے اداروں کے ملازمین کو کام کی اجازت ہوگی۔
رام اللہ میں وزارت داخلہ کے ترجمان غسان نمر نے بتایا کہ مکمل لاک ڈائون کا مقصد شہریوں کو ایک دوسرے سے میل جول سے روک کر کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو قریبی بیکرویوں اور میڈیکل اسٹوروں پر دوائی لینے کے لیے جانے کی اجازت ہوگی مگر اس دوران پولیس کے ذریعے شہریوں میں سماجی دوری یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
لاک ڈائون کے دوران کسی بھی مقام پر کسی قسم کی اجتماعی سرگرمی پر سختی سے پابندی ہوگی اور پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لاک ڈائون پر عمل درآمد میں کسی قسم کا امتیازی سلوک اور غیر مساوی طرز عمل اختیار نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر بلا استثنیٰ تمام افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔