فلسطینی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے مسجد اقصیٰ سے متصل تاریخی قبرستان باب رحمت کی صفائی کی رضاکارانہ مہم شروع کی ہے۔ اس بابرکت مہم میں شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں سلوان قصبے اور اس کے اطراف کی کالونیوں سے سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے باب رحمت قبرستان کی صفائی مہم کا آغاز کیا۔ مہم کے دوران قبرستان کی صفائی، اس میں موجود جھاڑیوں کو ختم کرنے اور درختوں کی شاخ تراشی کی جا رہی ہے۔ قبرستان میں پھیلے سوکھے گھاس پھوس اور دیگر فالتو اشیا کو تھیلوں میںڈال کر قبرستان سے باہر خالی جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
سماجی کارکنوں نے السواحرہ، صور باھر اور دیگر کالونیوں کے فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ باب رحمت قبرستان کی صفائی اور اس کی مرمت میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔
خیال رہے کہ باب رحمت بیت المقدس کا تاریخی قبرستان ہے جس میں ہزاروں جلیل القدر مسلمان بزرگان، صحابہ کرام، تابعین اور بزرگان آسودہ خاک ہیں۔
اسرائیلی حکومت القدس کی دیگر تاریخی اسلامی علامات کو مٹانے کی مذموم مہم کےدوران باب رحمت قبرستان کو بھی مٹانے کی سازش کر رہا ہے۔ صہیونی حکومت تاریخی قبرستان پر تجارتی اور دیگر مراکز قائم کرنے کی سازشیں کرچکا ہے۔