اسرائیل میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسرائیلی وزارت صحت اور انفارمیشن سینٹر کے مطابق جمعرات کے روز صہیونی ریاست میں کرونا کے 1900 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد اسرائیل میں کرونا کے کل متاثرین کی تعداد 44 ہزار 563 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل میں کرونا کے اسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت 24ہزار 118 مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ 204 مریضوں کی جان خطرے میں ہے۔ ان میں سے 36 وینٹی لیٹر پر ہیں جب کہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 377 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اسی طرح اضافہ جاری رہا تو 16 دن میں مریضوں کی تعداد دوگنا ہوجائے گی۔