اقوام متحدہ کے رابطہ گروپ برائے انسانی حقوق "اوچا” کی طرف جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کے لیے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں چھ سو کے قریب چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔ ان میں درجنوں چوکیاں تاریخی شہر الخلیل میں بھی قائم ہیں۔
اوچا کی طرف سے جارہ کردہ پندرہ روزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے متعدد سطحوں کی مادی اور انتظامی تدابیر نافذ کررکھی ہیں۔ تاکہ فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ اور ان کی نقل وحرکت پرپابندی عاید کی جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج کی غرب اردن اور القدس میں قائم کی گئی سیکڑوں چوکیوں سے فلسطینیوں کی شہروں کے درمیان نقل وحرکت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ فلسطینیوں کو چند میل کا سفر کرنے کے لیے بھی درجنوں چوکیوں سے گذرنا پڑتا اور انہیں اپنی شناخت کرانا پڑتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور القدس میں فلسطینیوں کی نقل وحرکت پرنظر رکھنے کے لیے 593 چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔