فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں یہودی آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج کی طرف سے حملے کے نتیجے میں 15 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے ریلی نکالی۔ فلسطینی 17 سال سے بند ایک شاہراہ کے کھولے جانے اور یہودی آباد کاری کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ریلی کو منتشر کرنے کے لیےان پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج کیا اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مراد اشتیوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کو موقع پرطبی امداد فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کی شیلنگ، صوتی بموں کا استعمال، دھاتی گولیوں کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
اشتیوی کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے باوجود سیکڑوں فلسطینیوں نے ریلی میں شرکت کی۔
کفر قدوم میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ ادھر شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ سے کم سے کم چھ فلسطینی زخمی ہوئے۔