فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں کرونا کا شکار دو فلسطینی مریض چل بسے۔ دونوں کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔
رام اللہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ الخلیل شہر کی رہائشی ایک 60 سالہ خاتون اور اس کا چالیس سالہ بیٹا کرونا سے وفات پاگئے۔ الخلیل میں گذشتہ روز کرونا کے مزید دس کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران رام اللہ میں کرونا کے 67 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد چوبیس گھنٹوں کےدوران غرب اردن میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 322 ہوگئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ القدس میں 29، الخلیل میں 35، نابلس اور طوباس میں دو دو کرونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
فلسطین میں کرونا کی وبا پھیلنے کے بعد اب تک مجموعی طورپر 2765 فلسطینی کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 2131 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔625 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 10 فلسطینی کرونا سے جاں بحق ہوئے ہیں۔