مقبوضہ بیت المقدس میں کام کرنے والی این جی اوز اور امدادی تنظیموں نے فنڈنگ کے لیے یورپی یونین کی طرف سے پیش کی جانے والی شرائط مسترد کردی ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس میں قائم متعدد فلسطینی این جی اوز نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے انہیں یہ پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ فلسطینی شہدا اوراسیران کے خاندانوں کی مالی مدد نہ کرنے کی ضمانت دیں تاہم فلسطینی این جی اوز نے یورپی یونین کی طرف سے شرائط پیش کرنے کو بلیک میلنگ قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی این جی اوز کو دہشت گردی کی معاونت کےلیے رقم فراہم نہ کرنے کی یقین دہانی کرانا، شہدا اور اسیران کے اہل خانہ کو معاوضوں کی ادائی روکنا اور اس طرح کی دیگر شرائط پرعمل درآمد کا مطالبہ کرنا اسرائیلی دشمن کی خوش نودی کےحصول ہے فلسطینی قوم کی خدمت نہیں ہوسکتی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی این جی اوز نے 30 مارچ کو بھی یورپی یونین کے ممالک کو بتایا تھا کہ وہ ان کے فنڈز کے حصول کے لیے پیش کی جانے والی شرائط کو قبول نہیں کرسکتے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی طرف سے گذشتہ کچھ عرصے سے فلسطینی این جی اوز پر دبائو ڈالا جا رہا ہے کہ وہ فنڈنگ کے حصول کے لیے ان کے پیش کردہ فریم ورک پر عمل درآمد کریں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ وہ رقم اسرائیل کے خلاف کسی پروگرام یا مزاحمت کے لیے استعمال نہیں کی جا رہی ہے۔