فلسطینی وزیر صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران فلسطینی علاقوں میں کرونا کے 34 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی خاتون وزیر صحت می کیلہ نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران فلسطینی علاقوں میں کرونا کے مزید چونتیس مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ نئے مریض الخلیل، بیت لحم اور نابلس گورنری میں سامنے آئے ہیں۔
می کیلہ کا کہنا تھا کہ الخلیل میں 23، بیت لحم میں 10 اور نابلس میں ایک مریض سامنے آیا ہے۔
کروناکے نئے مریضوں میں ایک چالیس دن کا بچہ بھی شامل ہے جب کہ چار مریضوں کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
می کیلہ نے بتایا کہ فلسطین میں کرونا کے متاثرہ فلسطینیوں کی کل تعداد 1568 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 616 صحت یاب ہوگئے ہیں۔ 947 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں تاہم ان کی زندگی خطرے سے باہر ہے جب کہ پانچ فلسطینی کرونا سے جاں بحق ہوئے ہیں۔