قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کے روز اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوٹ مار اور توڑپھوڑ بھی کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں کے رد عمل میں فلسطینی گھروں سے نکل آئے اور کئی مقامات پر قابض فوج اور فلسطینیوں کےدرمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
بیت المقدس میں العیساویہ تلاشی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار کیے جانے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت علی عبید، زین عطیہ اور محمد عبید کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر نابلس میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران قیصر ابو محسن ، سابق اسیر دحام صبیح، بیت لحم سے علی ابو سرور، جنین سے محمد اور احمد الشیخ، طولکرم سے سابق اسیر محمد حنون کو حراست میں لے لیا۔
رام اللہ میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی شہریوں کےدرمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ قابض فوج نے رام اللہ میں نعلین، سطح مرحبا، کوبر، ابو شحیدم اور دیگر مقامات پر فلسطینیوں کے گھروں پرچھاپے مارے۔