اردن کے ایک سینیر تجزیہ نگار اور اخبار السبیل کے چیف ایڈیٹر عاطف الجولانی نے کہا ہے کہ غرب اردن کے الحاق کے اسرائیلی منصوبے کے نتیجے میں نہ صرف فلسطین بلکہ اردن بھی اس سے براہ راست متاثر ہوگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامک ایکشن فرنٹ کے زیراہتمام غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق اور اس کے سنگین مضمرات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں عاطف الجولانی نے کہا کہ اراضی الحاق کے اسرائیلی منصوبے کا مقصد فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کو ختم کرنا اور فلسطینیوں کو ان کے اپنے وطن میں بے گھر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لگتا ہے کہ اسرائیلی ریاست فلسطینی اراضی کے الحاق کے منصوبے کو بہ تدریج آگے بڑھائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ اردن کا موقف قضیہ فلسطین کے فرنٹ لائن کی حیثیت کے مطابق ہونا چاہیے۔ اردنی حکومت کو یہ اندازہ ہونا چاہیے کہ الحاق کے منصوبے سے نہ صرف فلسطین بلکہ اردن بھی براہ راست متاثر ہوگا۔ اردنی صحافی نے کہا کہ فلسطینیوں اور اردن کا مستقبل ایک ہے اور اسرائیل کے الحاق کے پلان سے نہ صرف قضیہ فلسطین پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے بلکہ یہ منصوبہ سلامتی، اقتصادی اور معاشی پہلوئوں سے بھی تباہ کن ہوگا۔