فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا کے مزید 11مریض سامنے آئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی خاتون وزیر صحت می کیلہ نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں کرونا کے چاراوربیت المقدس میں وادی الجوز میں دو، رام اللہ ، البیرہ، بیت لحم اور طولکرم میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
خاتون وزیر صحت می کیلہ نے بتایا کہ فلسطین میں مجموعی طورپر کرونا کے مریضوں کی تعداد 700 ہوگئی ہے۔ القدس میں کرونا کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 326، غرب اردن میں 302، غزہ میں 72 تک جا پہنچی ہے۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 570 ہے جب کہ مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کا تناسب 81 اعشاریہ 4 فی صد ہے۔