اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے فلسطینی اتھارٹی اور تحریک فتح کے رہ نمائوں کی جانب سے جماعت کے خلاف جاری منفی میڈیا مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکروہ پروپیگنڈہ بند کرنے اور قومی وحدت کی طرف واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ تحریک فتح کی قیادت اور فلسطینی اتھارٹی قومی مصالحت کے بجائے حماس اور دوسری جماعتوں کے خلاف بے جا الزام تراشی کرکے نفرت کی زہر پھیلا رہی ہیں۔ اس وقت فلسطینی قوم کو ایک دوسرے کے خلاف نفرت پھیلانے کی نہیں بلکہ قومی وحدت کی ضرورت ہے۔
حماس کے ترجمان کاکہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور فتح کی قیادت کا بیانیہ خیانت اور قوم دشمنی پر مبنی ہے۔ موجودہ حالات میں فلسطینی قوم کو قابض صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ اور استعماری نسل پرستانہ اردوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے جب کہ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت آمرانہ روش اور دشمن کے جرائم کے سامنے خاموشی اختیار کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔