اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے عرب ممالک، مسلم دنیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غرب اردن کے علاقوں پراسرائیلی ریاست کی خود مختاری روکنے کے لیے مذمتی بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے اعلان کے حوالے سے اختیار کردہ جرات مندانہ موقف جی تحسین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کی طرف سے غرب اردن پراسرائیلی قبضے کے حوالے سے جرات مندانہ موقف اختیار کیا گیا ہے تاہم اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
حازم قاسم کا مزید کہنا تھا کہ غرب اردن پر اسرائیلی قبضے کو روکنے کے لیے صہیونی ریاست اور امریکی انتظامیہ پر دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صرف ابلاغی اور سیاسی موقف کافی نہیں کیونکہ اسرائیل عالمی برادری کے اجتماعی موقف سے بغاوت کی پالیسی کے ساتھ ساتھ منظم غنڈہ گردی اور عالمی قوانین کے ساتھ کھلواڑ کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ غرب اردن اور وادی اردن کے علاقوں پر اسرائیلی خود مختاری کے قیام کا اعلان خطے میں تشدد کی ایک نئی آگ بھڑکا دے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے آئندہ ماہ جولائی میں غرب اردن کے علاقوں میں قائم کردہ یہودی کالونیوں کو صہیونی ریاست کا عملی حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔