اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح طویل علالت کے بعد 62 سال کی عمر میں بیروت میں انتقال کرگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رمضان عبداللہ شلح کئی سال قبل علالت کا شکار ہوئے اور تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ ان کا لبنان کے مختلف اسپتالوں میں علاج کیا گیا۔
اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں جماعت کے سابق سیکرٹری جنرل کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بیان میں مرحوم کی فلسطینی کاز، مسلح تحریک آزادی، مزاحمت اور قابض اسرائیل کے خلاف دلیرانہ خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ رمضان عبداللہ شلح نے 20 سال تک اسلامی جہاد میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔
خیال رہے کہ عبداللہ شلح کو سنہ 1995ء میں اسلامی جہاد کا سیکرٹری جنرل مقررکیا گیا۔ ان کی تقرری اسلامی جہاد کے بانی فتحی الشقاقی کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد جماعت کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ رمضان عبداللہ الشلح 1958 کو پیدا ہوئے اور سنہ 1981ء میں مصر کی الزقازیق یونیورسٹی سے فراغت حاصل کی اور غزہ کی پٹی میں اسلامی یونیورسٹی میں اکنامک کالج میں بہ طور استاد خدمات انجام دیں۔