اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ابو مرزوق نے ایک بیان میں اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان شلح کی وفات کو فلسطینی قوم اور تحریک آزادی فلسطین کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس مرحوم رمضان شلح کے خاندان، اسلامی جہاد اور پوری فلسطینی قوم کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ ابو عبداللہ رمضان شلح نے زندگی کا ایک بڑا حصہ تحریک آزادی فلسطین، مزاحمت، جہاد اور تدریس میں گذارا، وہ بہترین بھائی، دوست، لیڈر اور محب وطن رہ نما تھے۔ آج فلسطینی قوم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح گذشتہ روز 62 سال کی عمر میں بیروت میں انتقال کرگئے۔ وہ کئی سال سے بیروت میں علالت کے باعث صاحب فراش تھے اور تنظیمی اور مزاحمتی سرگرمیوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔