اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شلح کی وفات سے پوری فلسطینی قوم اس وقت شدید صدمے سے دوچار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ نے ایک بیان میں اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شلح کی وفات سے پوری قوم اس وقت شدید صدمے کی کیفیت میں ہے۔
انہوں نے رمضان شلح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم آج ایک عظیم مجاھد، لیڈر اور محب وطن مزاحمتی قاید سے محروم ہوگئی ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں حماس کی قیادت اور کارکن اسلامی جہاد کےساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابو عبداللہ رمضان شلح نے زندگی کا ایک بڑا حصہ تحریک آزادی فلسطین، مزاحمت، جہاد اور تدریس میں گذارا، وہ بہترین بھائی، دوست، لیڈر اور محب وطن رہ نما تھے۔ آج فلسطینی قوم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح گذشتہ روز 62 سال کی عمر میں بیروت میں انتقال کرگئے۔ وہ کئی سال سے بیروت میں علالت کے باعث صاحب فراش تھے اور تنظیمی اور مزاحمتی سرگرمیوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔