فلسطینی محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے متاثرہ شعبوں میں کام کا بہ تدریج آغاز ہوگیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اطلاعات کے ترجمان سلامہ معروف نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کی طرف سے وضع کردہ طریقہ کار اور ضوابط کی روشنی میں مختلف شعبوں میں کاموں کا آغاز ہوگیا ہے۔
غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں سلامہ معروف کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں کرونا کی صورت حال کی بہتری، نئے کیسز کے سامنے نہ آنے اور شہریوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کے بعد متاثرہ شعبوں میں مرحلہ وار کام کا آغاز ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون نے بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بازاروں میں رش کرنے سے سختی سے گریز کریں اور وزارت صحت کی طرف سے اختیار کی گئی تدابیر پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں۔