فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں موجود یہودی کالونیوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے اعلان اور غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے صہیونی فیصلے کے خلاف عالمی مہم شروع کی گئی ہے۔
اس مہم کا مقصد غرب اردن کی فلسطینی، تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ قبضے کی توسیع کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
اس مہم کی جانب سے غرب اردن کے بارے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن تاریخی ارض فلسطین کا اٹوٹ انگ ہے۔ یہ علاقہ زمین، باشندوں، قضیہ اور تشخص ہراعتبار سے فلسطین کا جزو ہے۔
اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف غرب اردن کے عوام نے بھرپور مزاحمت اور بے پناہ قربانیاں پیش کیں۔ تحریک آزادی، مزحمتی پروگرام اور حق واپسی کے لیےغرب اردن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد مشرق وسطیٰ امن فارمولے میں غرب اردن کو اسرائیلی ریاست میں شامل کرنے کی حمایت کی گئی ہے اور اسرائیل نے اس نام نہاد فارمولے کواپنے حق میں استعمال کرتے ہوئے غرب اردن پراپنے غاصبانہ پنچے مزید گہرے کرنا شروع کردیے ہیں۔
اس مہم کے مقاصد میں اہم ترین مقصد غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق روکنا ہے۔ یہ مہم پورے جون کے مہینے میں عالمی سطح پر جاری رہے گی اور اس دوران غرب اردن کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پروگرامات اور علاقے پر اسرائیلی قبضے کے اعلان پرعمل درآمد کی روک تھام کے لیے سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔